مکہ مکرمہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرلی اور پاکستان،امن واستحکام اورشہدا کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرلی، اس دوران آرمی چیف نے پاکستان،امن واستحکام اورشہدا کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے عالمی دن کےموقع پر متاثرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اورمسلح افواج نے بہادری،کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا، اہل خانہ کو سلام، ملک دشمن عناصر کو ہر صورت میں شکست دے کر دم لیں گے،آرمی چیف
جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کواندھیروں میں جھونکنےکی کوشش کرنےوالوں کیخلاف لڑیں گے، قوم کےعزم اور حوصلے کے ساتھ مخالف قوتوں کوشکست دیں گے۔
دوسری جانب منٰی میں دنیا بھر سے آئے ہوئے بیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید مناسک حج ادا کررہے ہیں، حجاج کرام نے گزشتہ روز حج کے رکن اعظم وقوفِ عرفہ کی تکمیل کے بعد رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاری، نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مِنیٰ پہنچے ہیں جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کی سنت ادا کررہے ہیں۔
بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد مرد حجاج نے اپنا سر منڈوایا اورحجاج نے احرام کھول دیا، اس کے بعد حجاج کا مکہ پہنچ کر طواف زیارت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔