راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ وطن پہلے باقی سب بعد میں ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نےبڑی کامیابیاں حاصل کیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پنو عاقل گیریژن کا دورہ کیا، کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہدبیگ مرزا اور جی اوسی پنوعاقل نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی گئی، دورے میں آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے بات چیت کی اور عزم و حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ وطن پہلے باقی سب بعد میں ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نےبڑی کامیابیاں حاصل کیں، کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے لئے منفی سوچ کو شکست دینا ہوگی۔
آرمی چیف نے مردم وخانہ شماری کے عمل میں فوج کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔