راولپنڈی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے لیے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو گذشتہ دنوں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد سے وہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت تشوش ناک ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دعاؤں کے پیغام کے ساتھ پھول بھی بھجوائے۔
قبل ازیں 15 جون کو پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ سمیت تمام مسلح افواج بیگم کلثوم نواز کے لیے دعا کررہی ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، آئی ایس پی آر
میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بیگم کلثوم نواز کے لیے صحت یابی کی دعا کی تھی، انہوں نے اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی فیملی سے والدہ کی بیماری پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔
دوسری جانب لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم نواز کی حالت تشویش ناک ہے، ایسے حالات میں مجھے ان کے پاس رہنا چاہیے۔
کلثوم نواز کی حالت تشویش ناک ہے، ایسے حالات میں مجھے ان کے پاس رہنا چاہیے، نواز شریف
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ کلثوم نواز کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے اور حالت تشویش ناک ہے، حسن نے فون کر کے ائیرپورٹ سے سیدھا اسپتال آنے کا کہا تھا، جب میں یہاں آیا تو معلوم ہوا بیگم کلثوم اسپتال کے آئی سی یو میں ہیں اور بے ہوش ہیں، آج ان کا سی ٹی اسکین بھی ہوا ہے، وہ تاحال آئی سی یو میں ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔