بیجنگ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جیو پولیٹیکل صورتحال اور خطے کے امن و سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے 3 روزہ دورے پر ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آج چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبے میں بڑھ چڑھ کر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی بھارت اور افغانستان سمیت ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔
دوسری جانب آرمی چیف نےچینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر اور اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اہم ایشوز پر پاکستان کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف نے چین کی عسکری قیادت سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں انہوں نے کہا تھا کہ پاک چین دوستی منفرد ہے اور اس کا کوئی ثانی نہیں۔ خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی چینی عسکری قیادت سے ملاقات
چینی عسکری قیادت نے پاک فوج کی تعریف کی اور سی پیک کی سیکیورٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔
دونوں ممالک کی عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں باہمی اور فوجی تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا تھا۔