راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترک وزیر خارجہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں ترک وزیرخارجہ نے خطےمیں امن کے لئے کوششوں اور مل کر کام کرنے پر پاکستان کو سراہا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو کی پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں ملاقات کی ،جس میں پاک ترک تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک میں سکیورٹی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نے مل کر کام کرنے پر پاکستان کو سراہا۔
اس سے قبل ترک وزیر خارجہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے تھے، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کا استقبال کیا۔
ترک وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، ملاقات کے بعد پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں باہمی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں : نئے لوگ اور نئی حکومتیں آتی رہتی ہیں مگر اصل دوستی عوام سے ہے، ترک وزیرخارجہ
مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے دورے پر آئے ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نئے لوگ اور نئی حکومتیں آتی رہتی ہیں مگر اصل دوستی عوام سے ہے۔ ہمارے تعلقات میں سر فہرست دفاعی اور تجارتی تعلقات ہیں، ناموس رسالت کیلئے ہر قدم پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصانات اٹھائے ہیں۔
چاؤش اوغلو کا کہنا تھا کہ آج ہمارے مذاکرات دونوں ممالک میں اسٹریٹیجک تعلقات پر تھے، انشا اللہ مذاکرات میں طے پانے والے معاملات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں گے، ’ترک سرمایہ کار پاکستان میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دیں گے‘
خیال رہے کہ ترک وزیر خارجہ آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ وہ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، چاؤش اوغلو نئی پاکستانی قیادت کو ترک صدر کا پیغام پہنچائیں گے۔