راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کر کے قوم کا سر فخرسے بلند کیا۔
یہ بات آرمی چیف قمر باجوہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور منیجمنٹ کو دیئے گئے استقبالیہ کے دوران قومی کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی, انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی کا باعث ہیں اس لیے پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
COAS’ reception for Pak Cricket Team & mgmt. "You brought much awaited jubilation for the nation”, COAS. https://t.co/LqyFpf4ncO pic.twitter.com/8fbDA8GAh4
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) July 5, 2017
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ آج آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں آرمی چیف کھلاڑیوں سے فرداً فرداً گلے ملے اور ایک ایک کھلاڑی کو اعلیٰ کارکردگی دکھانے اور عظیم فتح کی مبارک باد دی۔
اس موقع پرجنرل قمر باجوہ نے کھلاڑیوں سے گفت و شنید کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے قوم کو وہ خوشی دی ہے جس کا طویل عرصے سے انتظار تھا بس اب آپ لوگ اسی طرح محنت سے کھیلتے رہیں اور تحمل و بردباری سے اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لے کر آئیں تو آئندہ بھی ایسے کئی ٹائٹل ملک کے نام کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے آرمی چیف کی پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی واپسی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو استقبالیہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی حوصلہ افزائی سے آج کھلاڑیوں کے جذبوں کو دوام حاصل ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد پر آرمی چیف کی ذاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں بین الااقوامی کرکٹ کی واپسی کی نوید بھی سنائی۔