ساؤ پالاؤ : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف امریکہ کے دورے کے بعد برازیل پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے ساؤ پالاؤ میں برازیلین فوج کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کو برازیلین آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 19توپوں کی سلامی دی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی ار لیفٹنٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے ٹویٹ پیغامات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی اپنے برازیلین ہم منصب سے تفصیلی ملاقات ہوئی ۔
جس کے دوران باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور بالخصوص فوجی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برازیلین مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف جنرل جوز کارلوس دی نارڈی سے بھی ملاقات کی اور علاقائی سلامتی اور تیزی سے رونما ہوتی ہوئی تبدیلیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات فوجی تربیت اور وفود کے تبادلوں پر بھی بات چیت کی گئی ، جبکہ برازیلین عسکری قیادت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا گیا ۔