راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا آج جنوبی وزیر ستان کے صدر مقام وانا کا دورہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف وانا میں گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ قبائل عمائدین کے جرگےسے خطاب بھی کریں گے۔ پاک فوج کی جانب سے وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی اور بحالی کے کاموں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان اور چین کے اسپیشل سروسز گروپ کے مشترکہ مشقوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک لے کر جائینگے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیاب مشقوں پر دونوں فورسز کے جوانوں کو مبارکباد دی، ان کی پیشہ وارنہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے باہمی تعلقات وقت کے ساتھ استحکام کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، دونوں ملک ہر سطح پر ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔