سوات : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سوات میں سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں گی اور دہشت گردوں کو دوبارہ ان علاقوں میں نہیں آنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کالام فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوات میں امن اور استحکام کیلئے مقامی لوگوں کے سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کو سراہا۔
انہوں نےکہا کہ سوات کے عوام نے علاقے میں امن و استحکام اور سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کیا، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن پر چند سال پہلے دہشت گردی اور انتہا پسند ی کے سیاہ بادل چھائے ہوئے تھے ۔
جس کے دوران کالام فیسٹیول جیسی تقریبات منعقد نہیں کی جاسکتی تھیں ، تاہم سکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیوں اور تعاون سے یہ سیاہ بادل چھٹ چکے ہیں اور اب دہشت گردوں کیلئے دوبارہ ان علاقوں میں آنا ممکن نہیں۔
۔توقع ہے کہ سوات میں سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں گی ، اور دہشت گردوں کو دوبارہ ان علاقوں میں نہیں آنے دیں گے