راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع کے موقع پر کہا کہ روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ 6ستمبرکا دن ہماری قومی و عسکری تاریخ میں ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن ہماری بری ،بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیئے تھے۔
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ جنگ ستمبرکے موقع پر قومی اتحاد ویکجہتی کا جذبہ ہماری مسلح افواج اور قوم کیلئے سرمایہ افتخار ہے، مسلح افواج نےمعرکہ ستمبر میں بےمثال جرات اورپیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شہدا اورانکےاہلخانہ کی حرمت وحفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دیناجانتے ہیں اور دیتے رہیں گے، پاک فوج دفاع وطن کیلئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، ہمارا ہرافسر اورسپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے ملک کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھارہا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ شہدا ہمارے لئے مقدم ہیں، فوج کا نصب العین ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ نہ صرف ہمارا طرۂ امتیاز ہے، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑاہتھیار ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ روایتی دہشت گردی کے برکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے، دہشت گردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے افواج نے قابو کیا۔