راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کرتارپور کوریڈور افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کرتاپور کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
COAS will be at Kartarpura today for ground breaking ceremony of #KartarpuraCorridor
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) November 28, 2018
وزیراعظم عمران خان کرتارپورکوریڈورکی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہیں اور وہ آج کرتاپور کوریڈورکا سنگ بنیاد رکھیں گے ، ڈیرہ دربار صاحب شکر گڑھ میں خصوصی تقریب کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔
اس موقع پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات کئےگئےہیں ، بیس فٹ چوڑ ااورساٹھ فٹ لمبا اسٹیج تیارکیاگیاہے، جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے لئے سینتیس سے زائد کیمرے لگائے گئےہیں جبکہ گردوارہ کرتارپورصاحب میں آنے جانے والے راستے کی مانٹرینگ کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی دعوت پران کے دوست سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو تقریب میں شرکت کے لیے بھارت سے پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جو کام اکہتربرس میں نہ ہو سکا وہ تین ماہ میں ہی ہوگیا، مسئلے جنگوں سے نہیں مذاکرات کی میز پر حل کیے جاتے ہیں، پاکستان جیوے سارا آسمان جیوے میرا یار عمران خان جیوے۔
سکھ برادری خوشی نہال ہیں، ڈیرہ دربارصاحب پر موجود سکھوں کا کہنا ہے آرمی چیف جنرل باجوہ ساری دنیا کے سکھوں کے بھی ہیرو بن گئے ہیں۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سدھو نے آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے کرتارپوربورڈرکھولنے کی درخواست کی تھی۔