اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کو ملکی داخلی وخارجہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے آئی ایس آئی کی حکمت عملی کی تعریف کی۔
اس سے قبل رواں سال 3 جون کو وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی و خود مختاری کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم کی جانب سے آئی ایس آئی کی قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا تھا۔