راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے سلیمانکی سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سلیمانکی سیکٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور ان کے بلند حوصلوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کا دورہ جی ایچ کیو، آرمی چیف سے ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بہاولنگر گیریژن کا بھی دورہ کیا، اور ہیوی میکانائزڈ بریگیڈ کی فوجی مشقیں دیکھیں، آرمی چیف نے جوانوں کی ترتیب اور جنگی تیاریوں کے اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر طرح کے خطرے سے بھرپور انداز میں نمٹنے کے لیے صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جانا چاہیے۔