اسلام آباد : آئین کے آرٹیکل دوسو پینتالیس کے تحت اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کردی گئی۔
چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کی سمری وزارت داخلہ نے منظور کرتے ہوئے اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کا نوٹفیکشن جاری کیا۔
اسلام آباد میں خصوصی اختیارات کے تحت فوج کے ساڑھے تین سو جوانوں کی تعیناتی چار دسمبر کو ختم ہوئی تھی، جس کے بعد اسلام آباد میں آرمی کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کردی گئی۔
توسیع تین مارچ دوہزار سترہ تک کی گئی ہے، آرمی کے جوان اسلام آباد میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے بطور ریپڈ رسپانس فورس کے موجود رہیں گے۔
مزید پڑھیں : دھرنا نزدیک آتے ہی، اسلام آباد میں فوج کے اختیارات میں 90 روز کی توسیع
خیال رہے کہ اکتوبر میں عمران خان کا دھرنا نزدیک آتے ہی حکومت کو فوج کے خصوصی اختیارات میں اضافہ کرنے کا خیال آگیا، اسلام آباد میں فوج کے خصوصی اختیارات اگست میں ختم ہوچکے تھے، سمری ارسال کیے جانے کے باوجود حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی تھی لیکن دھرنا آیا تو حکومت نے پچھلی تاریخوں کا لیٹر جاری کرتے ہوئے فوج کے اختیارات میں توسیع کردی تھی۔
فوج کے اختیارات میں تین ستمبر سے تین دسمبر تک 90 روز کی توسیع کی گئی تھی، 23 اگست کو تیار کیے جانےوالا نوٹی فکیشن دو ماہ اور تین دن بعد جاری کیا گیا تھا۔