اسلام آباد : ڈی جی آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں باڑ لگانے کے دوران سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ میں پاک فوج سپاہی نیاز علی شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کےدرمیان باڑ لگانے کے عمل کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے۔ جس میں پاک فوج کے ایک اور جوان نے وطن کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کرکے حق ادا کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سپاہی نیاز علی سرحد پار سے کی جانے والی دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا ہے، 29 برس کے جوان سپاہی نیازعلی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ فائرنگ شمالی وزیرستان میں باڑ لگانے کےدوران کی گئی، انشااللہ باڑ لگانے کا عمل مکمل کریں گے، باڑ لگانے میں افغانستان سے باہمی تعاون چاہتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر 255 کلومیٹر پر باڑ لگائی جا چکی ہے، جبکہ پاک افغان سرحد پر کل 2 ہزار 6 سو 11 کلومیٹر پر باڑ لگانی باقی ہے، 4 سو43 میں سے ایک سو 56 بارڈر پوسٹیں مکمل کرلی گئی ہیں، 30 بارڈر پوسٹیں اور قلعے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔