آرمی پبلک اسکول اکوڑہ خٹک نے پاکستان میں پانی کے صحیح استعمال اور بچاؤ کے حوالے سے ڈاکومینٹری مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر، انٹرنیشنل واٹر میجمنٹ انسٹیٹوٹ اور یونیسف کے اشتراک سے پاکستان کے مختلف اسکولوں کے درمیان پانی کے صحیح استعمال اور بچاؤ سے متعلق ڈاکومینٹری مقابلے منعقد ہوئے۔
ان مقابلوں میں پاکستان بھر سے 75 اسکولوں اور کالجز کے طلبا اور طالبات نے شرکت کی جبکہ ڈاکومینٹری مقابلوں میں آرمی پبلک اسکول اکوڑہ خٹک کے بچوں کی تیار کردہ ڈاکومینٹری سرفہرست رہی۔
اس ڈاکومنٹری میں آرمی پبلک اسکول اکوڑہ خٹک کے 8 طلبا اور طالبات نے حصے لیا، طلبا نے پاکستان میں مستقبل میں پانی کے حوالے سے آگاہی ویڈیو میں مسئلے کو احسن انداز میں اجاگر کیا ہے۔
ڈاکومینٹری کے ذریعے بچوں نے عوام پر زور دیا کہ پانی کا مناسب استعمال کیا جائے تاکہ لوگوں کو آگاہی دے کر پانی کی قلت کو روکا جا سکے۔ بچوں کی جانب سے اس طرح کی ڈاکیو مینٹری بنا کر مستقبل میں پانی کی قلت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا خوش آئند ہے۔
واضح رہے کہ اس طرح کی تقریبات سے آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے 8 دسمبر کو پاکستان چائنا سینٹر اسلام آباد میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔