بدھ, اکتوبر 23, 2024
اشتہار

’دریشم‘ سے متاثر ہوکر بھارتی فوجی نے دوست کو قتل کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی فوجی نے مبینہ طور پر اجے دیوگن کی فلم ’دریشم‘ سے متاثر ہوکر گرل فرینڈ کو قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناگپور پولیس نے مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ کو قتل کرنے اور اسے دفن کرنے کے بعد اس کے جسم کو سیمنٹ سے ڈھاپنے کے الزام میں بھارتی فوجی کو گرفتار کیا ہے، ملزم نے فلم ’دریشم‘ سے متاثر ہوکر انتہائی قدم اٹھایا۔

28 اگست کو 32 سالہ متاثرہ لڑکی کی گمشدگی کے بعد تفتیش کا آغاز کیا گیا جس کے بعد ہولناک جرم کا پتہ چلا۔

- Advertisement -

پولیس اہلکار نے بتایا کہ واردات فلم دریشم سے مشابہت رکھتی ہے جہاں ملزم نے انتہائی احتیاط سے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا۔

پولیس نے بتایا کہ جرم کی وجہ یہ ہے کہ ملزم کے خاندان کی طرف سے ان کی شادی کی مخالفت کی وجہ سے ان کے تعلقات میں تلخی آگئی تھی۔

فوجی جوان کی شناخت 33 سالہ اجے وانکھیڑے کے نام سے ہوئی جبکہ وہ ناگپور کے کیلاش نگر علاقے کا رہائشی اور ناگالینڈ میں تعینات ہے۔

رپورٹ کے مطابق وانکھیڑے نے طلاق یافتہ جیوتسنا آکرے سے شادی کے پورٹل کے ذریعے ملاقات کی تھی اور جلد ہی ان کی دوستی پیار میں بدل گئی تھی۔

تاہم وانکھیڑے کے خاندان نے اس رشتے کی مخالفت کی اور اس کی دوسری خاتون سے شادی کرنے کے بعد حالات مزید خراب ہوگئے جس کے بعد وانکھیڑے نے جیوتسنا کو نظرانداز کرنا شروع کردیا اور پھر جان چھڑانے کے لیے اس کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ’جب وانکھیڑے نے جیوتسنا کی کالزکا جواب  دینے سے بھی گریز کیا تو خاتون نے اسے ڈھونڈنے کیلئے تگ و دو کی جس کو بھانپ کر  اجے نے اپنی ماں کے موبائل  سے جیوتسنا کو فون کیا اور 28 اگست کو ملاقات کیلئے بلالیا،اس روز جیوتسنا اہل خانہ کو دوست  کے گھر ایک دن گزارنے کا کہہ کر  اجے سے ملنے جاپہنچی، اس ملاقات کے دوران اجے نے جیوتسنا کو کولڈرنک میں نشہ آور دوا دیکر  بے ہوش کیا اورپھر اس  کا گلا گھونٹ دیا۔

جیوتسنا کے قتل کے بعد اجے نے شہر سے دور علاقے میں ایک گڑھا کھودا اور جیوتسنا کو  دفناکر اوپر سیمنٹ ڈال دیا جب کہ خاتون کا موبائل فون  ایک ٹرک میں پھینک دیا۔

دوسری جانب  بیٹی کے گھر نہ پہنچنے پر جیوتسنا کے والدین نے اس کی  گمشدگی کی اطلاع پولیس کو  دی اور پولیس  جیوتسنا کے کال ریکارڈ کے ذریعے اجے  تک پہنچ گئی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا ۔

پولیس اہلکار کے مطابق ’قتل کا مقدمہ فلم دریشم سے مشابہت رکھتا ہے جہاں ملزم نے نہایت احتیاط سے قتل کی منصوبہ بندی کی اور پھر جیوتسنا کو  قتل کیا‘۔

دریں اثنا وانکھیڑے نے ناگپور کی سیشن عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دی لیکن اس کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ اس کے بعد اس نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جس نے بھی 15 ستمبر کو ان کی درخواست مسترد کر دی۔

اجے وانکھیڑے کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد بیلتاروڈی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں