دہلی: بھارت میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری دو اکتوبر کو کروز شپ پر ہوئی پارٹی کے دوران عمل میں آئی اور اب پارٹی کی مبینہ ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کے ویریفائیڈ سوشل اکاؤنٹ سے مختلف ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیو اسی کروز شپ پارٹی کی ہے جہاں سے آریان کو گرفتار کیا گیا، شیئر کی گئی ویڈیو میں پارٹی کا ماحول دیکھا جاسکتا ہے، لڑکے اور لڑکیاں میوزک پر رقص بھی کررہے ہیں۔
اسی ویریفائیڈ سوشل اکاؤنٹ پر ایک اور ویڈیو میں آریان خان کی گرفتاری کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، ممبئی پولیس اور این سی بی کے اہلکار آریان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں تیزی سے لے کر جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو اکتوبر کی رات بحری جہاز پر منعقد ہونے والی ریو پارٹی پر اچانک چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا، چھاپے کے دوران اہلکاروں نے آریان خان اور ان کے ساتھیوں سے غیر قانونی منشیات بر آمد کی تھی۔
بعد ازاں دوران تفتیش شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے مشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔