کراچی: اے آر وائی نیوز کے پروگرام ذمہ دار کون کی نشاندہی پر اے آر وائی کے نام پر جعلسازی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کی گرفتاری اے آر وائی نیوز کے پروگرام ذمہ دار کون کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی ہے، پولیس ک جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم کافی عرصے سے اے آر وائی کا جعلی ایم ڈی بن کر ملازمت کا جھانسہ دیتا تھا، ملزم سمیر شیخ سوشل میڈیا پر اے آر وائی کا افسر بن کر لڑکیوں کو ملازمت کا جھانسہ دیتا تھا۔
پولیس کے مطابق دوران حراست ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ خود جعلی لیٹر تیار کرنے کے بعد لڑکیوں کو واٹس اپ کرتا تھا اور انہیں کہتا تھا کہ جلد ایچ آر سے انہیں لیٹر مل جائے گا۔
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کا پروگرام ذمے دار کون ملک میں پھیلی سماجی برائیوں کے خلاف اسٹنگ آپریشن کرتا ہے، اس پروگرام کے زریعے اب تک متعددجرائم پیشہ، ملاوٹ کرنے والے عناصر، بچیوں کی خریدو فروخت میں ملوث درندے پولیس کی گرفت میں آچکے ہیں