اداکارہ ارسلا صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل بندش کی شوٹنگ کے دوران ڈر کر کانپنے لگ جاتی تھی۔
اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں اداکارہ ارسلا صدیقی نے شرکت کی اور پروگرام کے سیگمنٹ ’پردہ اٹھا دیں‘ میں مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
میزبان نے پوچھا کہ کیا ارسلا نے جب بندش ڈرامہ کیا تو انہیں ڈر لگتا تھا اور طبیعت خراب ہوجاتی تھی؟
اداکارہ نے بتایا کہ اس کی پوری کہانی ہے جب ہم بندش کی شوٹنگ کررہے تھے تو سیٹ پر 70 فیصد چیزیں اصلی تھیں۔
ارسلا صدیقی نے کہا کہ ایسے کردار کے لیے اس طرح کا سیٹ اچھا بھی رہتا ہے لیکن اگربتی کے دھوئیں میں ہم شوٹنگ کررہے تھے دیگر چیزیں بھی بکھری ہوئی تھیں مغرب کا وقت تھا کیمرہ بند کروایا گیا تھا اور شوٹنگ کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایکدم سے میری طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی اور میری حالت غیر ہوگئی تھی، گھر پر کال کی گئی، ڈاکٹر کو دکھایا گیا تو انہوں نے کہا کہ کچھ بھی نہیں ہوا یہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن اگلے ہی روز جب شوٹنگ شروع ہوئی تو مغرب کے وقت میں کانپنے لگ جاتی تھی اور ڈر کر ایک کونے میں بیٹھ جاتی تھی۔
ارسلا صدیقی نے بتایا کہ میں گھر پہنچ کر امی سے بھی ڈرنے لگ جاتی تھی، میرے والد، دین سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں انہوں نے کسی کو بلایا پڑھائی کی گئی، صدقہ دیا، مجھے ٹھیک ہونے میں 15 سے 20 دن لگے تھے شوٹنگ پر نہیں جاپاتی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ جنہوں نے پڑھائی کی تھی انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ والے گھر سے ہی کوئی چیز مجھ پر حاوی ہوگئی تھی، اس بات کو گزرے تین سال ہوگئے ہیں اور اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔