لاہور: پاکستانی ایتھیلیٹ محمد ارشدندیم نے ٹوکیو اولپمکس کے لیے کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹ محمد ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار محمد ارشد ایتھلیٹکس ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔
محمد ارشد کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا خواب پورا ہونا پاکستان اور میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
پاکستان اس سے قبل اولمپکس گیمز میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کرتا تھا لیکن محمد ارشد نے جیولن تھرو 86 اعشاریہ 29 میٹر دور پھینکا تھا جو ان کا سیف گیمز اور نیشنل گیمز کا ریکارڈ بن گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ساؤتھ ایشین گیمز میں اب تک 20 گولڈ میڈل، 24 سلور اور 33 برانز میڈل حاصل کرلیے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کھلاڑی نے ٹوکیو اولپمکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال
خیال رہے کہ گزشتہ روز 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی کے حامل کراٹے کاز کی وطن واپسی ہوئی تھی، 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ایئرپورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا تھا۔
تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جبکہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔
گولڈ میڈلسٹ سعدی عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے بھرپور انداز سے ملک کا نام روشن کیا، میں اب ٹوکیو اولمپکس سے کافی قریب آ چکا ہوں۔