اسلام آباد : ارشد داد نے جہانگیر ترین کی جگہ لے لی، پاکستان تحریک انصاف نے ارشد داد کو جماعت کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر خان ترین کی ریو پٹیشن پر نااہلی کا فیصلہ برقرار رہنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ارشد داد کو جماعت کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا ہے۔
اس سلسلہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔
ارشد داد اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
خیال رہے 15 دسمبر 2017 کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد وہ کوئی عوامی عہدہ یا پھر اسمبلی رکنیت رکھنے کے مجاز نہیں رہے مگر پارٹی نے کسی کو بھی ان کی جگہ سیکرٹری جنرل مقرر نہیں کیا تھا۔
تاہم پارٹی کے روز مرہ کے امور کی انجام دہی کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے مارچ میں ارشد داد کو ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا۔
یاد رہے 27 ستمبر کو سپریم کورٹ نے جہانگیر خان ترین کی نااہلی کی نظر ثانی اپیل مسترد کرتے ہوئے نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا تھا ، جس کے بعد سیکرٹری جنرل کا عہدہ خالی ہوا تھا۔
مزید پڑھیں : جہانگیرترین کی نظرثانی کی درخواست مسترد، نااہلی برقرار
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا کہ جو دستاویز آپ سے پہلے مانگ رہے تھے، وہ بعد میں ملی تو کیا نظرثانی کا جوازہے؟
چیف جسٹس نے واضح کیا تھا کہ یادرکھیں ہم مقدمہ ازسرنو نہیں سن رہے، نئے دستاویزات نظرثانی میں دائر نہیں کیے جاسکتے، اب آپ جھانسہ دے رہے ہیں، کمپنی جہانگیرترین نے بنائی، کیا لندن فلیٹس کی آف شور کمپنی فرشتے بنا کر چلے گئے، ہم نے دستاویزات دینے کے لیے کئی مواقع فراہم کیے۔
خیال رہے ارشد داد کا شمار عمران خان کے دیرینہ، بااعتماد اور قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے ،انھوں نے انیس سوچھیانوے میں تحریک انصاف کے قیام کے کچھ ہی ہفتوں بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور انیس سوستانوے میں گجرات سے انتخابات میں حصہ لیا۔
ارشد داد کے والد بریگیڈئیر صاحب داد ذوالفقار علی بھٹو کے دورمیں صوبائی وزیررہے، وہ پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینئر ہیں وہ بطورانجینئر نو سال تک قومی ٹیلی ویژن سے وابستہ رہے۔
ارشد داد اس سے قبل مرکزی انضباطی کمیٹی کے منتظم کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔