پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ فخر پاکستان ارشد ندیم نے بھارتی جیولن تھروور نیرج چوپڑا کی دعوت پر بھارت جانے سے معذرت کر لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ برس پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلے میں تمام پچھلے ریکارڈ توڑتے ہوئے طویل ترین تھرو کر کے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم نے اپنے عم عصر بھارتی جیولن تھروور نیرج چوپڑا کی دعوت پر بھارت جانے سے معذرت کر لی ہے۔
بھارتی ایتھلیٹ نے 24 مئی کو بنگلورو کلاس جیولن تھرو چیمپئن شپ کے لیے ارشد ندیم کو بھارت آنے کی دعوت دی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ارشد ندیم کے پورے سال کے ایونٹس اور ٹریننگ کے شیڈول پہلے ہی طے ہو چکے ہیں اور انہیں رواں ماہ 22 مئی کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے کوریا بھی جانا ہے۔ اس لیے انہوں نے بھارت جانے سے معذرت کی ہے۔