لاہور: پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولین ہیرو ارشد ندیم کا آپریشن لندن میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسپورٹس ہیرو ارشد ندیم کے بازو میں انجری کا آپریشن کامن ویلتھ گیمز کے بعد لندن میں کرایا جائے گا۔
اس سلسلے میں صدر پاکستان ایتھلیٹکس جنرل ( ر) اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کے بازو کے آپریشن کے لیے غیر ملکی اسپورٹس سرجن اور فزیوتھراپسٹ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔
انھوں نے کہا ارشد ندیم قومی ہیرو ہے، جنوبی افریقا میں بھی ٹریننگ کے دوران بھی اسپورٹس فزیو سے ان کا علاج کروایا گیا۔
دوسری طرف جیولین ہیرو ارشد ندیم نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ بازو کی سرجری کے بعد وہ اولمپکس سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم اور جیولن تھرور یاسر علی جنوبی افریقا میں ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل کر کے گزشتہ ہفتے ہی لاہور واپس پہنچے ہیں۔
اتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کے لیے ٹاپ جیولن تھرو کوچ ٹرسیس لیبن برگ خدمات حاصل کی ہیں، جن کی زیر نگرانی انھوں نے ٹریننگ حاصل کی، اب لیبن برگ اہم ایونٹس میں ارشد ندیم کی کوچنگ کریں گے۔