لاہور : پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے قومی ہیرو جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر عوام کی بہت بڑی تعداد نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کاطیارہ پیرس سے براستہ استنبول رات ایک بج کر 25 منٹ پر پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچا، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
قومی ہیرو کے فقید المثال استقبال کے لیے تیاریاں کل سے کی جارہی تھیں، وفاقی وزراء ،دیگر اعلیٰ شخصیات اور پاکستانی عوام کی بڑی تعداد بھی ارشد ندیم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی، ارشد ندیم کو ان کی لاہور ایئرپورٹ آمد پر آفیشلز کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔
ارشد ندیم کے جہاز کو لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر خوبصورت انداز میں ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے روایتی واٹرکینن سلیوٹ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔ خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، شزا فاطمہ، عظمیٰ بخاری اور دیگر شخصیات قومی ہیرو ارشد ندیم کے استقبال کیلئے موجود تھیں۔
ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، ان کے والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے۔
گولڈ بوائے کے استقبال کیلئے پنجاب پولیس کا بینڈ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھا۔ ارشد ندیم کے4بھائیوں، والد اور ایک دوست کو اسٹیٹ لاؤنج تک جانے کی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔ لاہور ایئرپورٹ پر عوام کی بڑی تعداد ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتی رہی۔
لاہور ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہی ان کے انتظار میں کھڑے ہزاروں افراد نے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا اور پرجوش انداز میں نعرے بازی کرتے ہوئے ارشد ندیم کو کندھوں پر اٹھالیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اس موقع پر ارشد ندیم پر پھولوں کی برسات کی گئی۔
بعد ازاں ارشد ندیم کا قافلہ لاہور ایئرپورٹ سے باہر آگیا، قومی ہیرو ایئرپورٹ کے باہر کھڑی ڈبل ڈیکر پر سوار ہوئے، انہوں نے ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا۔
جگہ جگہ استقبال کرنے والے اپنے قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بےتاب تھے، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے قافلے کی صورت میں لاہور کا ایک چکر لگایا۔
کارواں کے ساتھ شہریوں کا جم غفیر رواں دواں تھا، پاکستان اور ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
شہر لاہور میں کچھ دیر گشت کے بعد ارشد ندیم ڈبل ڈیکر بس سے اترکر کار میں سوار ہوگئے اور اپنے آبائی شہرمیاں چنوں روانہ ہوگئے، ارشد ندیم کو پنجاب پولیس کے سیکیورٹی پروٹوکول میں روانہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا، جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔
8اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔