بڈاپیسٹ : عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم نے سلورمیڈل جیت لیا،
تفصیلات کے مطابق فرانس میں ہونے والی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنے ملک کا نام ایک بار پھر روشن کردیا۔
پاکستان کے 26 سالہ ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولن تھرو فائنل میں دوسرے نمبر پر رہے جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا اس بار بھی فائنل میں ٹاپ پر رہے۔
فائنل میں ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ، نیرج چوپڑا نے 88.17 میٹر کی تھرو لگا کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ قومی ایتھلیٹ نے سلور میڈل حاصل کیا ۔
ارشد ندیم نے چوتھے راؤنڈ میں87.15میٹر کی سب سے بڑی تھرو کی تھی جبکہ تیسرے راؤنڈ میں 87.82 میٹر کی تھرو کی تھی۔
ارشد ندیم پہلی کوشش میں 74.80 میٹر کی تھرو پھینکنے میں کامیاب رہے، دوسری کوشش میں انہوں نے 82.81 میٹر کی تھرو پھینکی، فائنل مقابلے کی تیسری تھرو میں انہوں نے 87.82 میٹر جبکہ چوتھی باری میں 87.15 میٹر کی تھرو لگائی۔ ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی آخری تھرو میں ارشد نے 81.86 میٹر کی تھرو لگائی۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ سال برمنگھم میں 90.18 میٹر کی تھرو کرکے گولڈ میڈل جیتا تھا اور 90 میٹر سے زیادہ کی تھرو کرنے والے پہلے ساؤتھ ایشین ایتھلیٹ بن گئے تھے ۔ ان کی یہ تھرو اب بھی کسی بھی ایشین پلیئر کی دوسری سب سے بڑی تھرو ہے ۔