بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے پاک بھارت جنگ کے بعد بیان دیا تھا، ارشد ندیم نے ان کے بیان پر کوئی بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کےلیے کل روانہ ہونے والے ارشد ندیم نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران صحافی نے ارشد ندیم سے سوال کیا کہ نیرج چوپڑہ نے کہا ہے ان کا ارشد ندیم کے ساتھ کوئی تعلق ہے نہ دوستی جبکہ اس سے قبل وہ کچھ اور کہتے تھے۔
نیرج چوپڑا نے کہا تھا تھا ارشد ندیم کی والدہ میرے لیے اور میری والدہ ارشد کےلیے دعا کرتی ہیں، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشدگی کے بعد وہ اب لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ نیرج چوپڑا نے 90 میٹر کی تھرو کی، وہ مبارکباد کا مستحق ہے، پاکستان اور بھارت کے حالات کی وجہ سے اس چیز پر بات نہیں کرنا چاہتا، میں ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوں۔
پاکستانی اولمپئن نے موجودہ حالات میں بھارتی حریف نیرج چوپڑا سے متعلق بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ میرا مقابلہ ہمیشہ اپنے آپ سے ہوتا ہے۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ماں باپ، قوم کی دعاؤں سے پیرس میں گولڈ میڈل جیتا اور نیا ریکارڈ بھی بنایا تھا، ان شااللّٰہ ایک دن 100 میٹر کی تھرو کرنے میں کامیاب ہوں گا۔
انھوں نے بتایا کہ عید کے بعد انگلینڈ جاؤں گا، میرے کوچ سلمان اقبال بٹ بھی میرے ساتھ جائیں گے، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری کرنی ہے۔
ارشد ندیم کو دعوت کیوں دی؟ بھارتی انتہا پسند نیرج چوپڑا کے دشمن بن گئے