پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اولمپکس میں پہلی بار انفرادی سطح پر گولڈ میڈل جیتنے والے جیولن تھرو ہیرو ارشد ندیم نے بڑا شکوہ کر دیا۔
رواں سال فخر پاکستان ارشد ندیم نے پیرس میں منعقدہ اولمپکس میں جیولن تھرو میں اولمپک کی تاریخ کی سب سے طویل تھرو کر کے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ ان کی 90 میٹر سے زائد دور پھینکی گئی یہ تھرو دنیا کی نیزہ بازی کی چھٹی بہترین تھرو بھی قرار پائی تھی۔
ارشد ندیم کے اس شاندار کارنامے پر وطن واپسی پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے سب سے بڑے سول اعزاز تمغہ امتیاز سے نوازے جانے کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے نقد انعامات سے بھی نوازا۔ اس کے ساتھ ہی کئی نجی اداروں کی جانب سے بھی جیولن ہیرو کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔
تاہم اب ارشد ندیم نے ایک مقامی ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی اس تاریخی فتح پر حکومتوں کی جانب سے جن انعامات کا اعلان کیا گیا تھا، وہ سب تو انہیں مل گئے لیکن کئی نجی اداروں کی جانب سے بھی انہیں انعامات دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان میں سے کچھ مل گئے ہیں لیکن باقی اب تک نہیں ملے۔
ارشد ندیم نے اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جب وہ ملک کا نام روشن کرکے وطن واپس آئے تو یہ خبریں بھی چلائی گئیں کہ وہ پہلے بہت کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرتے تھے جس سراسر غلط ہے، ایسا ہرگز نہیں تھا۔