جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ارشد شریف قتل کیس : پی ایف یوجے نے بھی حکومتی کمیشن کو مسترد کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پی ایف یوجے نے ارشد شریف قتل کیس میں حکومتی کمیشن پرعدم اعتماد کرتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا ایسے کسی کمیشن کو نہیں مانیں گے جو حکومتی وزرا کے زیر اثر ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایف یوجے کے رہنما لالہ اسد پٹھان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ارشد شریف کئی مرتبہ خطرات کا اظہار کر چکے تھے۔

لالہ اسد پٹھان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جب سے اقتدارمیں آئی اےآروائی پر الزامات لگاتی رہی ہے۔

ارشد شریف قتل کیس میں حکومت کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کمیشن بننے سے پہلے ہی الزامات لگا دیئے جائیں تو کیسے شفاف تحقیقات ہوسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کمزور کمیشن بنایا گیا ہے، ایسے کمیشن پر کیسے یقین کر سکتے ہیں جو حکومتی الزامات لے کر چل رہا ہے۔

رہنما پی ایف یوجے نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کی زیر صدارت تحقیقاتی کمیشن بننا چاہیے۔

لالہ اسد پٹھان نے کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی کمیشن کو نہیں مانیں گے جو حکومتی وزرا کے زیر اثر ہو، ارشد شریف سے متعلق تحقیقاتی کمیشن میں سپریم کورٹ کے جج ہونے چاہئیں اور کمیشن میں پی ایف یوجے کے ممبران کو بھی شامل کرنا چاہیے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ افراد پر مشتمل جو کمیشن بنایا جا رہا ہے اس کو تسلیم نہیں کرتے، ہائی پروفائل کمیشن بنتا ہے تو اس کی تحقیقات کوسب تسلیم کریں گے۔

پی ایف یوجے کے رہنما کا کہنا تھا کہ سلمان اقبال نے جومطالبہ کیا ہے اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، پہلے ہی سلمان اقبال اور عماد یوسف پر الزام لگا رہے ہیں تو توقع کیا کی جاسکتی ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز وفاقی حکومت نے سینئرصحافی اور اینکرارشد شریف کی شہادت پر تین رکنی کمیشن بنانے کی منظوری دی تھی ، سابق جج لاہور ہائی کورٹ جسٹس عبد الشکور پراچہ کمیشن کے چیئرمین ہوں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں