بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

ارشد شریف کا ایپل میک بک فراہم کیا جائے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے مراد سعید کو دوبارہ طلب کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام‌ آباد : ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ارشد شریف کا ایپل میک بک فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو دوبارہ طلب کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو 28 نومبرکو طلب کیا گیا ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے کہا کہ تحقیقات کے مطابق ارشد شریف کا ایپل میک بک آپ کے پاس ہے، آپ سے درخواست ہے ایپل میک بک ٹیم کوفراہم کی جائےتاکہ تحقیقات آگے بڑھ سکیں۔

- Advertisement -

کمیٹی کا کہنا ہے کہ میک بک کےساتھ اگردیگر ثبوت بھی ہیں تو ٹیم کو فراہم کریں، ٹیم کےساتھ تعاون کیاجائےتاکہ ہم سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا سکیں۔

یاد رہے مراد سعید کو 21 نومبر کو بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

یاد رہے پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے ایف آئی اے کو طلبی کے نوٹس پر جواب بھجوایا تھا، جس میں مراد سعید نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سے 10سوالوں کے جواب بھی مانگے تھے۔

مراد سعید نے کہا تھا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اپنی ساکھ اور حیثیت کےاعتبار سے وفاقی حکومت کاحصہ ہے، ایف آئی اے ،آئی بی حکام وفاقی حکومت کےماتحت اور وزیر داخلہ کوجوابدہ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی زندگی کو خطرہ تھا ،تحفظ کے بجائےوفاق مخاصمانہ اقدام کرتی رہی، موجودہ حکومت کے آتے ہی ارشد شریف کیخلاف کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے ارشد شریف کے قتل پر متعدد بارانتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات دیئے، وزیرداخلہ نےقتل کو کینیا میں سونے کی اسمگلنگ سے جوڑنےکی کوشش بھی کی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ حکومتی رویے کے تناظر میں ایف آئی اے سے غیر جانبدارانکوائری کی توقع نہیں ، ارشد شریف کی والدہ سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کی درخواست کر چکی ہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی ارشد شریف کی والدہ کے خط پر کارروائی کرےگی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی تحقیق کرے شہید ارشد شریف پر 16 سے زائد مقدمات کے مدعیان کون تھے اور شہیدارشد شریف کی تحقیقاتی صحافت کس کیلئے خطرہ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ معلوم کیا جائے پاکستان میں کون شہیدارشد شریف کو دھمکاتا اورہراساں کرتا تھا اور تحقیق کی جائے یو اے ای کے ہوٹل میں کس کی ایما پر شہید کو یو اے ای چھوڑنے کا کہا گیا۔

مراد سعید نے کہا تھا کہ ارشد شریف کی شہادت کو کس نے میڈیا پر ایکسیڈنٹ کا رنگ دینے کی کوشش کی؟ شہادت سےقبل وہ کس کیخلاف تحقیقاتی رپورٹ مرتب کررہے تھے؟ تحقیق کی جائیں حکومتی عہدیداران نےعجلت میں الزامات پر مبنی پریس کانفرنسزکیوں کیں؟

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں