پاکستان تحریک انصاف نے شہید ارشد شریف قتل کی شفاف تحقیقات کے لیے انٹرنیشنل یونین آف جرنلسٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس وقت پاکستان میں فری میڈیا موومنٹ کے تمام طبقے میں بہت بڑی خوف کی لہر ہے، ارشد شریف کی والدہ نے حکومت کے بنائے کمیشن کو مسترد کر دیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شہید ارشد شریف کے قتل کی شفاف ترین تحقیقات ہونا ضروری ہیں اور اس کا پہلا طریقہ یہی ہے کہ شہید ارشد شریف کے گھر والے اس سے مطمئن ہوں، جسٹس (ر) شکور سے کہوں گا کہ وہ خود اس کمیشن کی سربراہی سے انکار کردیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ارشد شریف کو پاکستان سے باہر جانے پر کس نے مجبور کیا؟ وہ کیوں باہر گئے؟ کینیا میں جو واقعہ ہوا وہ کیوں ہوا؟ ان سب معاملات کی تین ممالک میں تحقیقات ہونی چاہیے، ہمارا کمیشن ان 3 ممالک کو کور نہیں کرسکتا، مطالبہ ہے کہ انٹرنیشنل یونین آف جرنلسٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے۔
واضح رہے کہ اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے بھی کہہ چکے ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد شریف قتل کیس میں معتبر انکوائری کمیشن کی یقین دہانی کرائی لیکن اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ارشد شریف کی شہادت پر معتبر انکوائری کمیشن نہیں بنایا، معتبر انکوائری کمیشن ہی تحقیقات میں شفافیت یقینی بناسکتا ہے۔