بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

ارشد شریف کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری پر صحافی برادری کا شدید ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : مقتول صحافی شہید ارشد شریف کی اہلیہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے معاملے پر صحافتی تنظیم آر آئی یو جے نے شہید کے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے۔

آرآئی یو جے کے عہدیداران نے وارنٹ گرفتاری پر کہا ہے کہ سماعت کے سمن موصول ہوئے بغیر وارنٹ کے اجراء پر تشویش ہے۔

آر آئی یو جے کے رہنما عابد عباسی کا کہنا تھا کہ شہید کی فیملی کو انصاف کی فراہمی کے بجائے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا تشویشناک عمل ہے۔

طارق علی ورک کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ ارشد شریف کی فیملی کے ساتھ ہے، شہید کی اہلیہ کے مطابق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جاری ہے۔

آرآئی یو جے عہدیداران نے کہا کہ سپریم کورٹ کی سماعت میں لواحقین باقاعدگی سے پیش ہورہے ہیں، ارشدشریف فیملی کو وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کاعلم میڈیا سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری کا مقصد ارشد شریف شہید کی فیملی کو ہراساں کرنا محسوس ہوتا ہے، حکومت اور ٹرائل کورٹ سے اپیل ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔

آر آئی یو جے کے رہنماؤں نے اپیل کہ چیف جسٹس سے ہماری استدعا ہے کہ ارشد شریف کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے، شہید کے قاتلوں کی گرفتاری تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں