ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’کنگ‘ کی کاسٹ میں فلم انڈسٹری کا ایک اور بڑا نام شامل ہوگیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کا باضابطہ اعلان ہونے کے بعد سے فلم بینوں اور مداحوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں جنہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ بنائی۔
فلم کا اس لیے بھی بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے ذریعے سُپر اسٹار کی بیٹی سہانا خان ڈیبیو کرنے والی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان کی جوڑی ایک بار پھر جلوہ گر ہونے کو تیار
لیکن اب ایک تازہ ترین اپڈیٹ سامنے آئی ہے کہ ارشد وارثی بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہوگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق وہ فلم میں اہم کردار ادا کریں گے لیکن ان کے کردار کے بارے میں تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں۔
’کنگ‘ شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور سدھارتھ آنند کی مارفلکس پکچرز کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے جس میں ابھیشیک بچن اور ابھے ورما بھی جلوہ گر ہوں گے۔
شاہ رخ خان اور ارشد وارثی طویل عرصے سے دوست ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہوگا کہ دونوں ایک ساتھ کسی فلم میں نظر آئیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایس آر کے نے 2005 میں ان کی فلم ’کچھ میٹھا ہو جائے‘ میں گیسٹ رول ادا کیا تھا۔