انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کو ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر قرار دے دیا۔
آئی سی سی نے 2024 میں شاندار کارکردگی کی بدولت بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگ کو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا ہے۔
انہوں نے کیریبین اور امریکا میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، اور پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں شاندار بولنگ کی۔
25 سالہ نوجوان کرکٹر نے 2022 میں ڈیبیو کے بعد سے بھارت کے لیے کئی اہم مواقعوں پر شاندار بولنگ کی۔
وہ گزشتہ سال ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے جنہوں نے 18 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔
دنیائے کرکٹ کے چار کھلاڑیوں نے 2024 میں ارشدیپ سے زیادہ ٹی 20 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں سعودی عرب کے عثمان جیب 38، ونندو ہسارنگا 38، یو اے ای کے جنید صدیق 40 اور ہانگ کانگ کے احسان اللہ 46 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔
تاہم چاروں کھلاڑیوں نے ارشدیپ سے زیادہ میچز کھیلے جنہوں نے 15.31 کی اوسط اور 7.49 کی اکانومی ریٹ سے بولنگ کی ہے۔
ارشدیپ سنگھ نے پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں بولنگ کرنے کے باوجود 10.80 کا شاندار اسٹرائیک ریٹ برقرار رکھا تھا۔