لاہور: پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کیلیے مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
پنجاب میں ایس پی ڈی، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ای پی اے اور حکومت کے اشتراک سے مصنوعی بارش کا تجربہ کیا گیا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ اداروں اور سائنسی ماہرین کو مبارکباد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ محنت اور قابلیت سے پنجاب نے نئی تاریخ رقم کی قوم کو آپ پر فخر ہے۔
دوسری جانب، صوبے کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ الحمداللہ آج بارش کی صورت میں اچھی خبر آئی، گزشتہ سال متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تعاون سے مصنوعی بارش کا تجربہ کیا گیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 100 فیصد مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کامیاب تجربہ کیا۔
حکومتِ پنجاب نے اسموگ کے خاتمے کیلیے صوبے میں مصنوعی بارش کے انتظامات مکمل کیے تھے اور اس کیلیے محکمہ ماحولیات و دیگر نے مشترکہ حکمت عملی بنائی تھی۔
اس حوالے سے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ اسموگ سے بچاؤ کیلیے ضرورت کے وقت مصنوعی بارش کی جائے گی، مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ موسمیات کی معاونت سے مصنوعی بارش کی جائے گی اور صوبائی حکومت نے اس کیلیے وسائل مہیا کر دیے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ایک بار مصنوعی بارش پر 50 سے 70 لاکھ روپے خرچ آئے گا، مصنوعی بارش کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے مطابق عمل کیا جائے گا، اسموگ کی شدت کی صورت میں انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔