سیوئل: جنوبی کوریا کی معروف کمپنی سام سنگ نے سورج کی روشنی ہر جگہ حاصل کرنے سے متعلق طریقہ بتادیا۔
تفصیلات کے مطابق ہڈیوں کے لیے وٹامن ڈی کی اہمیت سے کون انکار کرسکتا ہے اور اسی لیے قدرت نے یہ نعمت سورج کی روشنی میں وافر مقدار میں ہمارے لیے محفوظ کردی ہے لیکن اسے لینے کے لیے آپ کو گھر کے باہر دن کے اوقات میں نکلنا پڑتا تھا مگر اب آپ موبائل کے ذریعے وٹامن ڈی حاصل کرسکتے ہیں۔
سام سانگ نے اسی حوالے سے قدرتی روشنی کے لیے ’’اسمارٹ ونڈو سنی فائیو‘‘متعارف کروادی ہے، سنی فائیو ناصرف قدرتی روشنی فراہم کرتی ہے بلکہ ہمارے جسم میں سن برن کیے بغیر انتہائی کم وقت میں وٹامن ڈی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپ کے ذریعے روشنی کی چمک، درجہ حرارت اور روشنی کے زاویے کو بھی اپنی مرضی سے ڈھالا جاسکتا ہے۔
سنی فائیو کو گھر کے کسی بھی حصے میں نصب کیا جاسکتا ہے اس طرح آپ صبح، شام ہو یا رات کے وقت کسی بھی پہر جب چاہیں جہاں چاہیں قدرتی روشنی کا استعمال کرتے ہوئے وٹامن ڈی حاصل کرسکتے ہیں۔
کمپنی یا سی لیبز نے مصنوعی لائٹ ونڈوز کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں جس میں اس کی قیمت کا تعین یا دستیابی کی تاریخیں شامل ہوں جبکہ یہ نئی ایجاد جلد ہی بازاروں میں پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔