کراچی : پی ایس ایل کی سب سے مہنگی ٹیم کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کو فائنل کے موقع پر تمام ٹیموں کے مالکان کو بلا کران کا شکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور لاہور قلندر کے مالک فواد رانا نے کہا کہ کل لاہور میں پاکستان کی جیت ہوئی ہے، نجم سیٹھی نے کہا کہ اگلےسال پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کااضافہ ہوگا.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مالک کراچی کنگزسلمان اقبال نے کہا کہ پشاورزلمی کو جیت پرمبارکباد دیتا ہوں، غیرملکی کھلاڑیوں کے آنے پربہت خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کو فائنل کے موقع پر تمام ٹیموں کے مالکان کو بلا کران شکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، سلمان اقبال نے کہا کہ روی بوپارہ سے بات ہوئی ہے، وہ کراچی آکرکام کرنا چاہتے ہیں، روی بوپارہ نےکہا ہے کہ میں پاکستان میں کرکٹ کیلئےکام کرناچاہتاہوں۔
چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہم پاکستانی دہشت گرد نہیں بلکہ پرامن لوگ ہیں، انہوں بتایا کہ دوسال کے بعد اجازت ہے کہ چھٹی ٹیم پی ایس ایل میں لائیں، اگلےسال پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کا اضافہ ہوگا۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل جیتنے پربہت خوشی ہوئی، غیرملکی کھلاڑی پاکستان آکربہت خوش ہوئے، جاویدآفریدی نے کہا کہ کل صرف پشاورزلمی کی نہیں پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔
فوادرانا کا کہنا تھا کہ عالمی کرکٹ پاکستان لانا ہی ہماری خواہش تھی، ہماری کوششوں سے ہی عالمی کرکٹ پاکستان آئی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سےبہت خوشی ہوئی۔