جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال کیخلاف وارنٹ گرفتاری کالعدم قرار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او اور بانی سلمان اقبال کیخلاف ماتحت عدالت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال کیخلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ کی جائے،اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ کیا جائے۔

وارنٹ گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی، کیس کی سماعت کے موقع پر سی ای او سلمان اقبال ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوئے۔

جبکہ ان کے وکیل چوہدری فیصل بھی ہمراہ تھے۔ سلمان اقبال کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ سلمان اقبال کے خلاف وارنٹ گرفتاری قانون کے مطابق نہیں ہیں۔

وکیل نےعدالت کو بتایا کہ میرے موکل کوابھی تک پولیس کاجاری کیا گیا سمن نہیں ملا۔ماتحت عدالت نےصفائی کامو قع دیئےبغیروارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزارعدلیہ آئین اورقانون کااحترام کرتے ہیں اوراچھی شہرت کے حامل ہیں.

انھوں نے کہا کہ جوشخص خودعدالت میں حاضر ہے اورپولیس سے تعاون کیلئے بھی تیار ہے توپھروارنٹ گرفتاری جاری کرنا انصاف کے مطابق نہیں اس لئے وارنٹ گرفتاری کالعدم قراردیئے جاتے ہیں.

انھوں نے پولیس کوسختی سے ہدایت کی کہ درخواست گزارکابیان آئین اورقانون کے مطابق ریکارڈ کیا جائے اورکسی بھی صورت میں قانون سے تجاوز نہ کیا جائے۔

پولیس کی جانب سے تفتیشی افسر خالد محمود اوروفاق کی جانب سے سرکاری وکیل ہادیہ پیش ہوئیں۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے دلائل سننے کےبعد ماتحت عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں