کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے 20ہزار کورونا ٹیسٹنگ کٹس عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
کوروناجیسے موذی مرض سے لڑنے کیلئے ڈاکٹرز کو فوری ساز و سامان، تشخیصی عمل کی ضرورت اور مستحقین کی مدد کو مدنظر رکھتے ہوئے اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک نے عطیات جمع کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا.
اس سے سلسلے میں خصوصی ٹرانسمیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر و سی ای او سلمان اقبال نے بتایا کہ کوروناٹیسٹنگ کٹس کی اشدضرورت ہے، میں نے 5 ہزار کورونا ٹیسٹنگ کٹس منگوائی ہیں۔
انہوں نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ہیروز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے فرنٹ لائن ہیروزہیں، سب سےپہلےکوشش ہےڈاکٹرز کو تمام طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
سلمان اقبال نے کہا کہ کورونا وائرس بہت تیزی سےپھیل رہاہے، کورونا کو پھیلنےسے روکنےکیلئےسب کو گھروں میں بیٹھناچاہیے، ہمیں اس صورتحال میں ایک ہو کر وبا کا مقابلہ کرنا ہے، جو بھی مددکرناچاہتا ہے وہ حکومت سے مل کر اقدامات کرے، حکومت اپنے لیول پر صورتحال سےنمٹنے کے اقدامات کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کے لئے ہمیں مرحلہ وار آگے بڑھنا ہوگا، ورلڈمیمن آرگنائزیشن مختلف ممالک سے کورونا ٹیسٹنگ کٹس منگوارہی ہے کیونکہ چیک کرنا ضروری ہے کہ وائرس ہمارے ملک اور علاقے میں کتنا پھیل چکا ہے، اندرون اور بیرون ملک پاکستانی امداد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
سلمان اقبال نے کہا کہ کوشش ہے لوگوں کیلئےموبائل ٹیسٹنگ کٹس منگوائیں، موبائل ٹیسٹنگ کٹس سےلوگوں کوگاڑی سےاترنانہیں پڑےگا اور لوگوں کے نمبر لےکر انہیں 15سے20منٹ میں رپورٹ بھیج دی جائے۔