کراچی: اے آر وائی فلمز کے تحت بننے والی بلاک بسٹر فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے بعد اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پروڈکشنز کی ایک اور مشترکہ پیشکش ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ بڑی اسکرینز پر تہلکہ مچانے آرہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلم میں مرکزی کردار ہمایوں سعید اور مہوش حیات ادا کریں گے جبکہ احمد علی بٹ بھی نمایاں کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ انجام دیں گے۔
فلم کا اعلان کرتے ہوئے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر سلمان اقبال نے کہا کہ وہ اس فلم کے لیے بہت پرجوش ہیں، ’ہمیں امید ہے کہ یہ فلم اے آر وائی فلمز اور پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک اور بہترین اضافہ ثابت ہوگی‘۔
سکس سگما فلمز کے سربراہ شہزاد نصیب نے کہا کہ ان کی پہلی مشترکہ کاوش ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی اور اب وہ اپنی اگلی کاوش کے لیے بھی نہایت پرامید ہیں۔
فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید نے اس موقع پر کہا کہ اس سے قبل وہ ایک شاندار ٹیم کی کاوشوں ’جوانی پھر نہیں آنی‘ اور ’دل لگی‘ کو پیش کر چکے ہیں جسے ناظرین نے پسندیدگی کی سند بخشی اور اب اپنی اگلی مشترکہ کاوش کے لیے بھی وہ بے حد پرجوش ہیں۔
فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ نے باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کردیا *
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا نے بھی اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے آر وائی فلمز نے دنیا بھر میں پاکستانی فلموں کو نئی پہچان دی ہے۔ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے قابل فخر اضافہ ثابت ہوگی‘۔
اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پروڈکشن کی مشترکہ پیشکش ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ 2017 میں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔