دبئی: اے آر وائی گروپ اور بحریہ ٹاؤن کے درمیان کراچی میں 300 گھروں پر مشتمل جدید ہاؤسنگ اسکیم بنانے کا معاہدہ ہوا ہے، اس پروجیکٹ میں مسجد اور کرکٹ اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائے گا۔
نمائندہ اے آر وائی رضیہ رکن الدین کے مطابق اے آر وائی گروپ اور بحریہ ٹاؤن نے دبئی میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت کراچی میں 300 گھروں پر مشتمل حفاظتی (گیٹڈ) ہاؤسنگ اسکیم تیار کی جائے گی۔
اے آر وائی ریزینسیا نامی ہاؤسنگ اسکیم میں اسکول، اسپتال، مسجد اور 50 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائے گا۔
اس موقع پر اے آر وائی گروپ کے چیئرمین حاجی اقبال کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاؤن کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق ہے اور ہم نے ان کا کامیاب سفر دیکھا ہے، ایک وقت تھا جب عبد الرزاق بھائی دبئی پہنچ کر کہتے تھے کہ ہمارا ملک اتنا جدید کب بنے گا؟۔
چیئرمین اے آر وائی گروپ کا کہنا تھا کہ ’بحریہ ٹاؤن کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں بھی جدید تعمیرات کی جارہی ہیں، یہ ملک ریاض اور اُن کی ٹیم کی بڑی کامیابی ہے‘۔
حاجی اقبال نے اس امید کا اظہار کیا کہ ’انشاء اللہ عالمی کرکٹ کی واپسی اس اسٹیڈیم سے شروع ہوگی‘۔
اس موقع پر بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے اس معاہدے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں دعا گو ہوں کہ اللہ اس پروجیکٹ میں کامیابی سے ہمکنار کرے اور یہ ہاؤسنگ اسکیم بحریہ ٹاؤن سے جدید طرز پر تعمیر کی جائے تو مجھے خوشی ہوگی‘۔
اے آر وائی گروپ اور بحریہ ٹاؤن کے تحت بنائے جانے والے اس پروجیکٹ کی تعمیرات کا آغاز آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔