پاکستان کے سب سے بڑے اور کامیاب کاروباری گروپس میں سے ایک اے آر وائی نے چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں نئی تبدیلی آ گئی ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے اور کامیاب کاروباری گروپس میں سے ایک، اے آر وائی گروپ، جو مشرق وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا میں بھی اپنی مضبوط موجودگی رکھتا ہے، نے چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
چیس، جو پاکستان کے قدیم اور معروف ریٹیل اسٹور چینز میں سے ایک ہے، اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کو بڑھائے گا، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اس اشتراک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم چیس کو ایک نئے اور بڑے پیمانے پر لے جانا چاہتے ہیں تاکہ اسے پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل چین بنایا جائے اور بین الاقوامی سطح پر بھی پھیلایا جائے۔
چیس پہلے ہی برمنگھم میں موجود ہے، اور جہاں جہاں اے آر وائی اور پاکستانی کمیونٹی ہے، ہم وہاں بھی پہنچنا چاہتے ہیں۔ اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم ان اسٹورز کو ریبرانڈ کر کہ اےآروائی چیس (ARY Chase) کا نام دیا ہے”۔
چیس ریٹیل اسٹورز کے مالک، فراز اقبال نے اس شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ چیس کے لیے ایک بہت مثبت قدم ہے۔ اے آر وائی گروپ کی سرمایہ کاری کے ساتھ، ہم مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ایک وسیع کسٹمر بیس کو خدمات فراہم کر سکیں گے۔ اس اشتراک میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جو مستقبل میں ہمارے صارفین کو زبردست فائدے پہنچائے گی۔‘‘
چیس نے 1984 میں اپنا پہلا ریٹیل اسٹور قائم کیا تھا اور اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور مناسب قیمتوں کی وجہ سے صارفین میں مقبولیت حاصل کی ہے۔
چیس کا شمار پاکستان کی معروف ریٹیل چینز میں ہوتا ہے، اور اس کی موجودگی برطانیہ میں بھی ہے۔
اے آر وائی گروپ اور چیس نے ابتدائی طور پر پاکستان کے بڑے شہروں اورعلاقوں میں 100 نئے اسٹورز کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی توسیع کی جائے گی۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، خریداری کے بہترین مواقع مہیا کرنا اور ریٹیل انڈسٹری میں نئے معیارات قائم کرنا ہے۔
یہ شراکت پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جو صارفین کو بہتر سہولیات، ملازمت کے نئےمواقع اور پاکستانی برانڈز کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان فراہم کرے گی۔