کراچی : کرپٹ اے ایس آئی کو بے نقاب کرنے کی کوشش میں سرعام کی ٹیم پر پولیس نے تشدد کیا اور کیمرے توڑ دئیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سائٹ اے پولیس نے اے آروائی نیوز کے پروگرام سرعام ٹیم پر بد ترین تشدد کیا اور کیمرے چھین لیے جبکہ اہلکاروں نے افسران کی سرپرستی میں ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
کراچی سائٹ اے تھانہ میں اسپیشل برانچ کے اے ایس آئی نے ملزم کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ بھاری رشوت کے عوض چھوڑ دیا، جب سرعام کی ٹیم جرم کو بے نقاب کرنے پہنچی اور مناظر عوام تک پہنچانے کی کوشش کی تو ایس پی ساجد اور ایس ایس پی کی موجودگی میں پولیس اہلکاروں نے سر عام کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کیمرے چھین کر توڑ دیئے گئے جبکہ ٹیم کے تمام لوگوں کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لئے گئے ۔
صحافتی تنظیموں نے سر عام کی ٹیم پر پولیس کے تشدد کی بھرپور مذمت کی اور ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم پر پولیس تشدد کے خلاف سرعام کی ٹیم نے احتجاج کیا، واقعے کی سیاسی رہنماوں اور عوام کی جانب سے بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔
عوام اور سیاسی رہنماوں نے اے آر وائی نیوزکا ساتھ دیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمٹ کی، پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پولیس کی جانب سے زیادتی قرار دیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھی پولیس اہلکاروں کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم سرعام انسانیت کے دشمنوں کے خلاف جہاد کررہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد میں ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن رہنما شہر یار مہر کا کہنا تھا کہ پولیس میں کرپشن بھرتی سے ہی شروع ہو جاتی ہے سرعام کی ٹیم کو کرپشن بے نقاب کرنے پر تشدد کا نشانہ بنانا زیادتی ہے۔