کراچی : اے آر وائی بی گلوبل نے ون لنک اور بینک مکرمہ لمیٹڈ سے اسٹریٹجک شراکت داری کرلی ہے، جس کے تحت جدید ترین ادائیگی کے نظام کو استعمال کیا جاسکے گا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کراچی کی رپورٹ کے مطابق شراکت داری کے اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی کا فروغ اور جدید ترین ادائیگی کا حل فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے کو نئی شکل دینے کیلئے چیئرمین اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک حاجی محمد اقبال، ون لنک کے سی ای او نجیب آگرا والہ اور بی ایم ایل کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرحان بیگ نے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو میک گلوبل حیدر رضوی بھی موجود تھے۔ یہ معاہدہ پاکستان بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے حل کے فروغ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔
اے آر وائی پے کے ذریعے جدید ترین ادائیگی کے نظام کو استعمال کیا جاسکے گا۔ ون لنک کے ساتھ یہ انقلابی شراکت داری مکمل اسپیکٹرم کے ذریعے ڈیجیٹل بینکنگ کی اعلیٰ خدمات فراہم کرنے میں مدد دے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نجیب آگرا والا، فرحان بیگ اور حیدر رضوی نے اس الائنس کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے آر وائی بی گلوبل، ون لنک، بینک مکرمہ لمیٹڈ کی شراکت داری کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی کا فروغ اور جدید ترین ادائیگی کا حل ہے۔