تازہ ترین

’عوام تیار رہیں، عمران خان کی اجازت ملتے ہی ملک گیر احتجاج ہوگا‘

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے عوام کو ملک بھر میں احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام ملک بھر میں احتجاج کے لیے تیار رہیں، عمران خان کی اجازت ملتے ہی ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زمان پارک جانے والے تمام راستے اس وقت بھی بند ہیں، کوئی راستہ ہمیں ایسا نہیں ملا جس کے ذریعے ہم زمان پارک جا سکیں، فاشسٹ حکومت کی جانب سے لاہور کے شہریوں کی آمد و رفت بند کر دی گئی، حکومت کو ملک کی کوئی فکر نہیں بس ایک ایجنڈا عمران خان کو گرفتار کرنا ہے۔

مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اسی لیے انہیں حراست میں لینا چاہتے ہیں، ایک خاتون جس نے کبھی کونسلر کا الیکشن نہیں لڑا بیٹھ کر حکومت کو ڈکٹیٹ کرتی ہیں، خاتون نے کل کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا ضروری ہے، اس نے پوری پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو ہائی جیک کر لیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زمان پارک میں عمران خان کی اہلیہ اور ان کے ملازمین موجود تھے، پولیس نے جس طرح لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گیٹ توڑ ریکارڈ پر موجود ہے، آئی جی پنجاب نے ایسی پریس کانفرنس کی جس کا مقصد سوشل میڈیا پر پہلے ہی بتا دیا گیا تھا، پنجاب پولیس نے آج عدالتی احکامات کی صریحاً خلاف ورزی کی۔

Comments

- Advertisement -