جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

موسم بدلتے ہی کراچی الیکٹرک نے بھی تیور بدل لیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی الیکٹرک نے مرمتی کام کے نام پر روزانہ بارہ بارہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ شروع کرکے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کرنا شروع کردیا۔

کراچی میں موسم نے کروٹ لے لی ہے، دن گرم ہوگئے ہیں جب کہ رات میں بھی صرف خنکی رہتی ہے، لیکن موسم بدلتے ہی کراچی الیکٹرک نے بھی تیور بدل لیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کے ای نے شہر میں لوڈشیڈنگ کا انوکھا انداز اپناتے ہوئے مرمتی کاموں کے نام پر روزانہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹوں کی بجلی بندش کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

منگل کے روز بھی شہر کے نو سو انیس مقامات پر صبح آٹھ بجے بجلی بند کی گئی کئی گھنٹوں تک بجلی نہ آنے پر جب متاثرہ علاقوں کے صارفین نے کے ای سے رابطہ کیا تو وہاں سے صارفین کو رات آٹھ بجے بجلی بحال ہونے کا بتایا گیا ہے۔

کے ای نے بجلی کی طویل بندش کی وجہ مرمتی کاموں کو بتایا ہے۔

جن علاقوں کی بجلی بند کی گئی ہے ان میں گلستان جوہر، صفورہ چورنگی، ڈیفنس، گزری، لیاقت آباد، لانڈھی، جیکب لائن، جیل چورنگی کے علاقے شامل ہیں۔

ان کے علاوہ محمود آباد، دھابیجی، میمن گوٹھ، سرجانی ٹاؤن، سائٹ ایریا اور اطراف کے علاقوں کے رہائشی بھی بارہ گھنٹے بجلی سے محروم رہیں گے۔

روزانہ درجنوں علاقوں میں دن بھر بجلی بند رہنے سے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں اور انہوں نے کے ای کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے ای انتظامیہ نے معمول بنالیا ہے کہ موسم سرما میں تو خواب خرگوش کے مزے لیے جاتے ہیں لیکن جیسے ہی موسم گرما کی آمد شروع ہوتی ہے تو اسے مرمت کا یاد آتا ہے، اگر مرمت کرنی ہے تو سردیوں کے موسم میں کی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں