واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان کا کہنا ہے کہ بھارتی رویے سے پیدا شدہ حالات امن اور سیکورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں بل رن پارک میں یوم آزادی پاکستان فیسٹول کا انعقاد ہوا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی۔ شرکا نے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیری بھائیوں،بہنوں سے اظہار یکجہتی کی۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال ایک سنگین انسانی المیے میں بدل رہی ہے، بھارتی رویے سے پیدا شدہ حالات امن اور سیکورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
اسد مجید خان نے کہا کہ آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جائے، بھارت کو حالیہ اقدام واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔
اقوام متحدہ کو بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی، اسد مجید خان
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیرڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی پالیسی ساز اداروں کو کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ تھی پاکستانی سفیر نے امریکی نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا تھا۔
ڈاکٹراسد مجید خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی ظلم وستم کا شکار ہے، مسئلے کے حل کے لیے عالمی قوتوں، اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کیخلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیرپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر آگے بڑھا جائے۔