واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل بنا دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے باعث خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے ورجینیا کامن ویلتھ یونیورسٹی رچمنڈ سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ کو مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورت حال سے آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باعث انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل بنا دیا ہے۔
ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو لگے تیسرا مہینہ ہونے کو ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے باعث خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔
آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جائے، اسد مجید خان
یاد رہے کہ رواں برس 25 اگست کو پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال ایک سنگین انسانی المیے میں بدل رہی ہے، بھارتی رویے سے پیدا شدہ حالات امن اور سیکورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جائے، بھارت کو حالیہ اقدام واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔