تازہ ترین

اسلام آباد : صوابی میں جدید ماڈل ویلفیئر ٹاؤن قائم کیاجارہا ہے، اسد قیصر

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوابی میں جدید ماڈل ویلفیئر ٹاؤن قائم کیاجارہا ہے، اللہ کی خوشنودی کے لیے انسانیت کی خدمت ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آنے والے وزیراعظم کے مشیرصاحبزادہ جہانگیر اور انیل مسرت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیرصاحبزادہ جہانگیر اور انیل مسرت نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اداروں کی جانب سے کئے جانے والے فلاحی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں برطانیہ میں مقیم کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں، وفد نے اسپیکر اور راشد میموریل ٹرسٹ کے انقلابی اقدامات کی تعریف کی، سابق ایئرچیف سہیل امان نے راشد آباد میموریل ٹرسٹ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر راشد آباد میموریل ٹرسٹ کی جانب سے پاکستان ویلفیئر ٹاؤن پر بریفنگ دی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عالم آباد صوابی میں جدید ماڈل ویلفیئر ٹاؤن قائم کیاجارہا ہے، ویلفیئر ٹاؤن میں یتیموں اور اسٹریٹ چلڈرنز کیلئے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ملک کے کمزور طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی خوشنودی کے لیے انسانیت کی خدمت ضروری ہے، بےسہارا اور یتیم بچوں کیلئے ویلفیئر ٹاؤن قائم کرنا میری شدید خواہش ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی فلاحی کاموں میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔

انیل مسرت کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، وفد نے پاکستان ویلفیئرٹاؤن کی تعمیر و ترقی کیلئے کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔

Comments