اسلام آباد: سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھینندن کی حوالگی کا فیصلہ تمام جماعتوں کی رضامندی سے ہوا تھا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ابھینندن کی واپسی کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوا تھا، فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی پائلٹ ابھینندن کو واپس کرنا سرینڈر تھا، خواجہ آصف
اسد قیصر کے بیان پر حکومتی بینچز نے شدید احتجاج کیا۔ رہنما پاکستان پیپلز پارٹی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ حلفاً کہتا ہوں ہماری جماعت نے ابھینندن کی واپسی کی مخالفت کی تھی
آغا رفیع اللہ نے مزید کہا کہ اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کیا کروں بھارت پر حملہ کر دوں؟
چند روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھارتی پائلٹ ابھینندن کو واپس کرنا ایک سرینڈر تھا۔
خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اُس وقت کے آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم عمران خان نے قومی وقار کو ٹھیس پہنچائی، بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرنے کے بعد ہم نے 24 گھنٹے میں سرینڈر کیا۔
وزیر دفاع نے کہا تھا کہ سرینڈر کی کیا وجوہات تھیں تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، اسی ایوان میں ٹانگیں کانپنے کی بات ہوئی تھی، ہم اس تاریخ پر اس وقت بھی شرمندہ ہوئے آج بھی ہیں۔